کوہاٹ: خیبرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا۔
ڈی آئی جی کوہاٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر کے گھر کے دروازے پر نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر گئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دروازے اور دیواروں کو نقصان پہنچا ہے۔
شہریار آفریدی نے واقعے کے فوری بعد پولیس کو آگاہ کیا جس پر متعلقہ تھانے کی بھاری نفری اُن کی رہائش گاہ پہنچی اور کرائم سین کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے۔ ڈی آئی جی کوہاٹ نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔