راولپنڈی: احتساب عدالت نے مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈٓار کے دائمی وارنٹ معطل کرتے ہوئے پاکستان آنے پر گرفتار نہ کرنیکا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کےمطابقاحتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت جج محمد بشیر نے کی، اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وکیل اسحاق ڈار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائے۔ اسحاق ڈار ایئرپورٹ پر اترتے ہی سیدھے عدالت پیش ہو جائیں گے۔
جج محمد بشیر نے استفسار کیا افضل قریشی پراسیکوٹر کہاں ہیں، نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ افضل قریشی عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے ہوئے ہیں۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ معطل کرتے ہوئے انھیں سرنڈر کرنے کا موقع دیدیا، جج محمد بشیر نے ریمارکس میں کہا کہ اسحاق ڈار کو پاکستان آنے پر گرفتار نہ کیا جائے، اسحاق ڈار پاکستان واپس آ جائیں پھر وارنٹ منسوخی کو دیکھیں گے۔