نیویارک : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نوبل انعام یافتہ ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سماجی مسائل بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی سطح پر وکالت کو سراہا۔
وزیراعظم نے حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہی پر روشنی ڈالی جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے تعلیمی انفراسٹرکچر پر مرتب ہونے والے اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
ملالہ یوسفزئی کی ہمت اور لگن کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے تعلیم، صنفی مساوات اور پاکستان میں مرد و خواتین دونوں کیلئے سیکھنے کے مواقع میں اضافہ کیلئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کو ترجیح دینے اور اس کی ترغیب دینے کیلئے حکومت کے منصوبوں اور سکیموں سے بھی آگاہ کیا اور ملالہ فنڈ کی وزارت تعلیم کے ساتھ شراکت داری کی تعریف کی ۔
ملالہ نے اس موقع پر تمام بچیوں کیلئے تعلیم کے حق کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بہت سے اسکول تباہ ہوگئے۔ انہوں نے پسماندہ بچوں بالخصوص بچیوں کی مدد کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
ملالہ نے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے بالخصوص بچیوں کی تعلیم تک رسائی کیلئے پاکستان کی کوششوں کیلئے ملالہ فنڈ کی معاونت کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی مسلسل تین برس تک بااثر عالمی شخصیات کی فہرست کا حصہ رہی ہیں۔ انہیں عالمی سطح پر مختلف نوعیت کے 40 سے زائد اعزازات سے نوازا گیا۔