اسلام آباد(اُمت نیوز)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے دورہ امریکا کے دوران آج امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جیکب سلیوان اور نائب وزیرخارجہ وینڈی روتھ شرمین سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعےباہمی تعاون بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی ۔افغانستان سمیت بڑےعالمی اشوز پرہم آہنگی پائی گئی اور تعاون بڑھانے پر زوردیا گیا تاکہ انسانی بحران کوٹالا جاسکے اور خطے میں امن اور استحکام کو بہتر بنایا جاسکے۔
آرمی چیف نے فلوریڈا میں طوفان سے تباہی پر افسوس کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے کیونکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اسی طرح کے اثرات سے دوچار ہے۔
ملاقاتوں میں آرمی چیف نےامریکی حکام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی اور ریسکیو کے لیے بہت اہم ہو گی۔