جامشورو: انڈس ہائی وے تھوڑی پھاٹک کے قریب کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی کہ انڈس ہائی وے پر تھوڑی پھاٹک کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک سے خوفناک تصادم ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 6 افراد نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا، جاں بحق مسافروں میں ڈیڑھ سالہ خدیجہ بنت ذوالقرنین سمیت دو بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں محمد اشرف، عتیق الرحمن، محمد ظفر، جاوید احمد ، محمد حسنین، نورین، راشد محمود، محمد طارق اور محمد وسیم اور دیگر شامل ہیں۔
حادثے کے فوری بعد جائے حادثہ پر چیخ وپکار مچ گئی، پولیس، ریسکیو ادارے اور قرب وجوار کے رہائشی افراد وہاں پہنچ گئے اور زخمیوں کو مانجھند اسپتال منتقل کیا تاہم وہاں علاج کی ناکافی سہولتوں کے باعث زخمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ انڈس ہائی وے سہون سے جامشورو تک انتہائی خراب حالت میں موجود ہے جہاں آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، مذکورہ شاہراہ کی تعمیر ومرمت کا کام 5 سالوں سے جاری ہے تاہم آج تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔