اسلام آباد(امت نیوز) عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے پاکستان کو دو ارب ڈالر کا عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی دارالحکومت میں وزیرخزانہ سے ملاقات کے موقع پر بتائی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت اقتصادی مسائل سے آگاہ ہے اور اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو پائیدار بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
انہوں نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر Najy Benhassine اور ان کی ٹیم کو ملک میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
Najy Benhassine نے وزیر خزانہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور عالمی بینک کے پاکستان کے لئے موجودہ پروگراموں اور مستقبل میں تعاون کے بار ے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیوں کیلئے جاری منصوبوں کیلئے دو ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔