ضمنی اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق کرانے کا اعلان

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات معمول کے مطابق16 اکتوبرکو ہوں گے جبکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی معمول کے مطابق 23اکتوبرکو ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا اجلاس کے دوران ضمنی الیکشن کے بارے میں سیکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع، سیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروائے جائیں گے، این اے 45 کرم میں امن و امان کے باعث الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16اکتوبر کو ہی کروائے جائیں گے، کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ تاریخ 23اکتوبر کو ہونگے۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کوآف پاکستان کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کر دیے جائیں۔