ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

اشیا کی قیمتوں میں اضافہ۔یوٹیلٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان آ گیا

اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر لاگو ہو گا۔

ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دودھ، چائے ،کوکنگ آئل، گھی سمیت متعدد اشیا مہنگی کر دی گئی ہیں۔ ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے اورایک لیٹر دودھ کی قیمت 197 سے بڑھ کر 217 روپے ہو گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 450 گرام چائے کی قیمت 240 روپے تک مہنگی ہو گئی جس کے بعد 450 گرام چائے کی قیمت 508 سے بڑھ کر 748 روپے ہو گئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 100 ٹی بیگ پیک 282 روپے تک مہنگا کر دیا گیا جس کے بعد ٹی بیگ پیک کی قیمت 298 سے بڑھ کر 580 روپے ہو گئی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 50 گرام پشاوری قہوہ 45 روپے تک مہنگا ہونے کے بعد 108 روپے سے بڑھ کر 153 روپے میں فروخت ہو گا جبکہ ایک کلو برانڈ کا گھی اور ایک کلو کوکنگ آئل 141 روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 250 گرام شہد کی بوتل 38 روپے تک مہنگی ہو گئی اور 135 گرام کا ٹوتھ پیسٹ 30 روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔ یوٹیلیٹی اسٹورزپر فیس کریم، صابن، شیونگ کریم اور شیشہ صاف کرنے کا لیکویڈ بھی مہنگا کردیا گیا۔