کراچی کیلیے بجلی کی قیمت میں4 روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی

اسلام آباد:نیپرا نے کراچی کیلیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ ساتھ ہی ملک بھر کیلیے19 پیسے فی یونٹ اضافی کی منظوری دیدی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلیے بجلی 4روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق اگست کے ماہانہ فیول چارجزایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے 29 ستمبر کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

نیپرا کے مطابق اس سے قبل جولائی کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا جبکہ اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت صارفین سے77 پیسے کم چارج کیا جائے گا اور اس کا اطلاق صرف 1 ماہ کیلیے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین،300 یونٹس تک گھریلوصارفین ،زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ اسٹیشنز پراس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دریں اثنا نیپرا نے بجلی 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اتھارٹی نے ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی منظوری دیدی ۔