عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف10ارب روپے ہرجانے کا اعلان

کامونکی:عمران خان نے الیکشن کمشنر سکندر سلطان کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کر دیا ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے چوتھے روز خطاب میں مخالفین کے لیے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنےآقاؤں کوخوش کرنےکیلئے مجھے نااہل قرار دیا گیا۔ ملک تب مضبوط ہوگا جب ادارے مضبوط ہوں گے۔

کامونکی میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر پر 10ارب روپے کا ہرجانہ کروں گا، الیکشن کمشنر شریف خاندان کا ملازم ہے ، توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ میں میرا نام لینے پر دس ارب کا ہرجانہ دائر کرنے جارہاہوں ، سکندر سلطان سے جو ہرجانہ ملے گا اسے ہسپتال میں جمع کراﺅں گا ،تم نے میری دیاتنداری پر سوال اٹھایا ،تم پرعدالت میں مقدمہ کروں گا ، تم سے ہر جانے کے پیسے نکلواﺅں گا ، الیکشن کمشنر کے خلاف ہرجانہ کروں گا تاکہ آئندہ کسی کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچائیں۔الیکشن کمشنر کو پیچھے سے بھی ہدایات مل رہی ہیں۔عمرا ن خان نے کہا کہ شوکت خانم کے لیے ہر سال 9 ارب روپے اکٹھے ہوتے ہیں،سب سے بڑا شوکت خانم ہسپتال کراچی میں بن رہا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ وزیراعظم شہبازشریف کے پاس کوئی اختیار نہیں ، شہباز شریف نے ساری زندگی کیا کیا ہے؟ان کارکردگی پر لوگ حکمرانوں کے خلاف تھے،حکمرانوں نے ملک کو لوٹا، لوگوں نے مجھے ووٹ دیئے،جوتنقید کرتا ہے انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں،ہم بھیڑ بکریاں نہیں ،انسان ہیں، اللہ نے کہا ظلم کا مقابلہ کرو،پاکستانی عوام کو جانور نہ سمجھیں

انہوں نے کہاکہ ہم گائے بھینسیں نہیں،میں نے لندن میں فلیٹ نہیں بنائے، میراجینا مرنا پاکستان میں ہے ،ادارے تب تگڑے ہوتے ہیں جب قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، یہ ملک تب تگڑا ہوگا، جب ادارے مضبوط ہوں گے،ڈرائی کلین کر کے حکمرانوں کو پھر ہم پر مسلط کر دیا

عمران خان نے حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے کہا ہے کہ سب کونظرآرہاہےکہ انقلاب اسلام آباد کی جانب بڑھ رہاہے لیکن امپورٹڈ حکومت میری کوریج بند کررہی ہے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنانے والے عمران خان نے مزید کہا کہ شہباز شرہف کے پاس کوئی پاور نہیں، ڈگی میں بیٹھ کر جاتا تھا، ”شہباز شریف ساری زندگی تم نے کیاکیا، جو طاقتور ہوتا ہے اس کےبوٹ پالش کرتے ہو۔ میں تمہارے ذریعے کیا بات کروں گا، میں تو انہیں پیغام دے رہا ہوں جنہوں نے تمہیں اوپربٹھایا“۔

انہوں نے شرکا کو پیغام دیا کہ ظلم کانظام جانوروں کےمعاشرےمیں ہوتاہے،عمران خان آپ سب نےظلم کیخلاف میرے ساتھ نکلنا ہے۔ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔ میں نے لندن میں فلیٹس نہیں بنائے، انہوں نے میری دیانتداری پر سوال اٹھائے۔

عمران خان نے کہا کہ میں اب ان لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ان چوروں کے ٹولے کو ہم پر مسلط ہونے دیا، میں بڑے ادب سے آپ کو پیغام دے رہا ہوں کہ اللہ کا واسطہ ہے قوم کی آواز سن لو، سن لو قوم کدھرکھڑی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس کے بعد ضمنی انتخابات میں اپنی کامیابیوں کا ذکرکیا۔ ضمنی انتخابات میں 8میں سے7نشستوں پرکامیاب ہوا ہوں جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے لیکن ایک نشست پیپلزپارٹی حکومت کی دھاندلی کی وجہ سےہارا۔