لانگ مارچ جلسوں میں تبدیل
 اگلا جلسہ گجرات میں ہوگا- شاہ محمود اوراسد عمرکو خصوصی اسکواڈ فراہم کر دیا گیا۔فائل فوٹو

پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں دائر

اسلام آباد:سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائرکردی گئی ۔

جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں وفاق، چاروں صوبوں، عمران خان اور تحریکِ انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاق اور صوبوں کو حکم دیا جائے کہ لانگ مارچ میں عوام کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں، لانگ مارچ والوں کا جلسہ اسلام آباد کی آبادی سے باہر ہو۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاق اور صوبے یقینی بنائیں کہ پی ٹی آئی کا دھرنا یا ریلی غیر معینہ مدت تک نہ ہو، پی ٹی آئی کو احتجاج سے متعلق قوانین اور پیرا میٹرز پر عمل کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 25 مئی کو سپریم کورٹ کو کرائی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی کی ہے، 2014ء میں تحریکِ انصاف نے ریڈ زون میں دھرنا دے کر یرغمال بنایا تھا۔