اسلام آباد:پی ٹی آئی کی اسلام آباد سے گزرنے ، پریڈ گراﺅنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاہے کہ اجازت دینے کا فیصلہ انتظامیہ نے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے ،میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کی اسلام آباد سے گزرنے ، پریڈگراﺅنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی ۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ 26 نومبر کیلیے پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کی کال دی ہے ، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ کی استدعا ہے میں ان کو ہدایات دوں جو میں نے نہیں دے سکتا یہ انتظامیہ کا کام ہے،جو درخواست آپ نے انتظامیہ کو دی ہے وہ مسترد تو نہیں ہوئی ابھی؟
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد آئیں گے اجازت مانگی ہے ،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ تو ہائیکورٹ کیا کر سکتی ہے ؟
چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ہیلی پیڈسروسز ہائیکورٹ تو نہیں دے سکتی ، وکیل نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ آپ انتظامیہ کو حکم دیں کہ وہ قانون کے مطابق ہماری درخواست پر فیصلہ کریں ۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ وہ انہوں نے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے ،میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں ۔