فائل فوٹو
فائل فوٹو

دھرنوں کی پچھلی قسط کا بھی حساب لیا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ

راولپنڈی:پی ٹی آئی احتجاجی دھرنوں کیخلاف درخواست پرلاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کل جو بھی صورتحال پیدا ہوگی عدالت اس کو دیکھے گی ، دھرنوں کی پچھلی قسط میں کس کا کیا کردار رہا، اس کو بھی دیکھا جائے گا، جس کا بھی قصور ہوا قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ میں پی ٹی آئی احتجاجی دھرنوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس وقاص رﺅف نے درخواست پر سماعت کی ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر ،سی پی او ،سی ٹی او اورڈی آئی جی موٹروے کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوا، ڈی آئی جی بی نے احتجاجی دھرنوں سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔

عدالت نے کہا کہ ڈی جی آئی بی سے پوچھیں لفافہ بندرپورٹ کو ڈی سیل کیا جا سکتا ہے یا نہیں ؟لفافہ بند رپورٹ درخواست گزاروں کو بھی فراہم کرنا ہو گی۔

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ پی ٹی آئی 26 تاریخ کو دھرنا دے رہی ہے،ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا چاہتی ہے ،عدالت نے کہاکہ کل جو بھی صورتحال پیدا ہوگی عدالت اس کو دیکھے گی ، دھرنوں کی پچھلی قسط میں کس کا کیا کردار رہا، اس کو بھی دیکھا جائے گا، جس کا بھی قصور ہوا قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، عدالت نے سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔