اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظورنہ کرنا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان قانون اورآئین کو اپنے مفادات کیلیے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اورکارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب صوبائی اسمبلی سےاستعفی دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اگر پنجاب اورخیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پرتوجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔