فائل فوٹو
فائل فوٹو

لرزہ خیز واردات،3بچیوں،1خاتون کی گلا کٹی لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھرسے3 بچیوں اورایک خاتون کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں انتہائی سفاکی کے ساتھ ذبح کیا گیا، ایک شخص کوشدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کراچی کی ملیر شمسی سوسائٹی میں 4 افراد کو چھری کے وارکرکے قتل کیا گیا ہے  جبکہ ایک شخص کوشدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے اپنی تحقیقات اور بیانات قلم بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

جاں بحق افراد میں  تین بچیاں اورایک  خاتون شامل ہیں، تمام خواتین کے گلے کٹے ہوئے ہیں جنہیں انتہائی بے دردی کے ساتھ ذبح کیا گیا، مکان کی پہلی منزل پریہ واقعہ پیش آیا، نیچے موجود کرائے داروں کا کہنا ہے کہ اوپر مکان سے شور شرابے اور رونے کی آوازیں آرہی تھیں، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق فواد نامی شخص نے تین بیٹیوں اور بیوی کو قتل کیا اور خود بھی خود کشی کی کوشش کی جو زخمی حالت میں جناح اسپتال میں زیرعلاج ہے،بچیوں کی عمریں 10سال،12سال،16سال کے درمیان ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔