گزشتہ روز باب دوستی پر پیدل آمدورفت کی سابقہ پاسپورٹ پالیسی بحال کردی گئی تھی، فائل فوٹو
گزشتہ روز باب دوستی پر پیدل آمدورفت کی سابقہ پاسپورٹ پالیسی بحال کردی گئی تھی، فائل فوٹو

چمن بارڈر پرافغان فورسزکی گولہ باری،ایک شخص جاں بحق،15 زخمی

کوئٹہ: چند روز کے وقفے کے بعد پاک افغان بارڈر پر پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں،گولہ باری سے ایک شخص جاں بحق، خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان بارڈرکلی شیخ لعل محمد میں پاکستانی اورافغان بارڈرفورسز کےدرمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔

لیویز حکام نے بتایا کہ بوغرا اورکسٹم ہاؤس کے علاقے میں آرٹلری کے متعدد گولےگرے جس کے بعد شہریوں کو مال روڈ، بوغرا روڈ، بائی پاس اوربارڈر روڈ خالی کرنےکی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ڈی ایچ کیو اسپتال چمن میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ۔

حکام کا کہناہےکہ افغان فورسز کی جارحیت پر پاکستانی فورسز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھاری توپ خانےکا استعمال کیا۔

حکام کے مطابق شیخ لعل محمد سیکٹرمیں باڑکی مرمت پر افغان فورسز کی مداخلت پر تصادم شروع ہوا جس دوران بارڈر شاہراہ کے قریب گولا گرنے سے ایک موٹرسائیکل سوار زخمی ہوا ہے جب کہ گھروں میں متعدد گولے گرنے سے 2 خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق علاقے میں کشیدگی کے باعث بارڈر روڈ، مال روڈ اور بوغرا روڈ پرشدید ٹریفک جام ہے،کسٹم ہاؤس اور کراچی کوچ ٹرمینل خالی کرالیا گیاجبکہ سرحد پرہر قسم کی آمدو رفت بند کر دی گئی ہے۔