پی ٹی آئی کا اسپیکرقومی اسمبلی سے پھر رابطہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھراسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف سے رابطہ کیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رابطہ کیا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کی جانب سے باضابطہ ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی، اسپیکر سے رابطہ پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کیا۔

ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وفد سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنا چاہتا ہے، پی ٹی آئی نے اجتماعی استعفوں کی جگہ اپنا نمائندہ وفد اسپیکر کے سامنے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیں، استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین اور قومی اسمبلی کے ضوابط میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔