پاکستان ،بھارت ،افغانستان،تاجکستان میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد(امت نیوز)پنجاب، خیبرپختونخوا ، گلگت اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندو کش افغانستان اور گہرائی 173 کلومیٹر تھی۔
پنجاب میں چکوال ، جہلم، سمیت مختلف علاقے زلزلے سے لرز اٹھے۔
پشاور کے مختلف علاقوں، ہری پور، پنڈ دادن خان کے شہر اور مضافات میں رہنے والوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے جس کے بعد وہ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
گلگت، بلتستان، باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ علاوہ ازیں ملکی کوہسار مری میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد وہاں ریسکیو 1122 کو الرٹ کردیا گیا۔ وادی لیپہ اور فیصل آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
بونیر، دیر بالا، غذر، گاہکوچ، یسین، پھنڈر، ایبٹ آباد، یری پور، عباس پور، چترال، بٹگرام، ٹیکسلا، چکوال، منگلا، کوٹلی آزاد کشمیر، ملتان، ساہیوال اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
آخری اطلاعات تک زلزلے کے نتیجے میں کوئی مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

پاکستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت زیادہ تھی لیکن گہرائی زیادہ ہونے سے سنگینی کم ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے جبکہ افغانستان اور تاجکستان میں بھی زلزلے کی اطلاعات ہیں۔