کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع کیماڑی پولیس نے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا
پولیس کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل پولیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا تھا ، بلوچستان میں حملوں میں تین اہلکار شہید ہوچکے ہیں
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے تین دہشت گردوں عدنان ، شہزاد اور یاسر کو اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ، پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہوگئے ، ملزمان کو بیرون ملک سے آپریٹ کیا جاتا ہے ، ملزمان ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ، اس سے قبل بلوچستان میں حملوں میں تین اہلکار شہید ہوچکے ہیں ، چند روز قبل انہی ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار حنیف شدید زخمی ہوگیا تھا جوکہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہے
ایس ایس پی فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ ملزمان انتہائی منظم انداز میں وارداتیں کرتے ہیں ، ان میں ریکی کرنے والا اور کارروائیاں کرنے والا گروپ الگ الگ ہے ، ملزمان نے 31 مارچ 2022 کو حب ریور روڈ پر واقع پٹرول پمپ پر واردات کرتے ہوئے 8 لاکھ روپے ، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا تھا ، انہی ملزمان نے 24 دسمبر 2022 کو مواچھ گوٹھ پل پر واردات کے دوران دو افراد فرید احمد اور محمد فرحان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے بینک ڈکیتیوں ، پٹرول پمپ لوٹنے اور گھروں میں ڈکیتی کے علاوہ متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں ، ملزمان کے تین ساتھی فرار ہیں ، مزید تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں ۔