بھارت کو مذاکرات کی پیشکش پر وزیراعظم آفس کی وضاحت

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کے حوالے سے وزیراعظم آفس کی وضاحت آگئی ہے

وزیرآفس کا کہناہے کہ 5 اگست 2019ء کا غیر قانونی اقدام واپس لیے بغیر بھارت سے مذاکرات ممکن نہیں اور وزیراعظم نے العربیہ ٹی وی چینل کو انٹرویو میں یہی موقف اپنایا گیا ہے

وزیراعظم آفس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے العربیہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم نے مسلسل کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے دوطرفہ مسائل بالخصوص جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے تاہم وزیر اعظم نے بارہا ریکارڈ پر کہا ہے کہ بات چیت تب ہی ہوسکتی ہے جب بھارت 5 اگست 2019ء کے اپنے غیر قانونی اقدام کو واپس لے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کے اس اقدام کو منسوخ کیے بغیر مذاکرات ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے اور وزیراعظم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں یہ موقف بالکل واضح کیا ہے۔