اقبال اعوان :
کراچی میں بڑھتی مہنگائی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف تحریک لبیک پاکستان میدان میں اترنے کو تیار ہوگئی ہے۔
اس سے قبل جماعت اسلامی اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتیں پہلے سے ہی سراپا احتجاج بنی ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں تحریک لبیک پاکستان ایک بار پھر فعال ہو چکی ہے۔ ایک جانب کراچی میں مہنگائی کے خلاف شروع کیے جانے والے احتجاج کے حوالے سے شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور ان کی ساتھ دینے کے لیے حمایت حاصل کی جارہی ہے تو دوسری جانب علاقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کر دی گئی ہے اور شہریوں سے بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی جارہی ہے۔
تحریک لبیک کراچی کے امیر مفتی قاسم فخری نے ’’امت‘‘ کو بتایا پارٹی سربراہ سعد رضوی نے حکومت کو 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھائی گئی قیمتیں واپس لی جائیں۔ ٹیکسوں، بجلی، گیس، پیٹرولیم کے نرخ کم کیے جائیں تاکہ غریب عوام پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ حکومتی اقدامات سے غریب طبقہ خودکشیاں کررہا ہے اور دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر مجلس شوریٰ کا اجلاس ہو گا اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل دیں گے اور جو بھی فیصلہ آئے گا، کراچی میں اس کے بعد احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔ اللہ کا شکر ہے کہ کراچی میں بھرپور احتجاجی مہم کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ان سمیت دیگر رہنما شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور تاجر برادری نے مکمل ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مہم کا حصہ بنیں گے۔
ٹی ایل پی کے ذمہ دار اور کارکن گھر گھر جارہے ہیں اور شہریوں سے اپیل کررہے ہیں کہ اب بھی مہنگائی کے خلاف نہ نکلے تو گیس، بجلی، پیٹرولیم سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھتی رہیں گی اور غریب عوام کا خون چوس لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاجی مہم کے حوالے سے جو حکم آئے گا، اس پر عمل کا سلسلہ شروع کریں گے۔
دوسری جانب کراچی میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان بھی آئے روز مہنگائی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایات دی گئی ہیں اور کراچی کے عوام اور تاجر طبقہ ان کے ساتھ ہے۔ اسی طرح کراچی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ نامی جماعت نے چند روز قبل انٹری دی ہے۔ شاہراہ فیصل پر مہنگائی کے خلاف بینرز لگائے گئے ہیں اور شہر میں پلے کارڈ لے کر دھرنے دیے، احتجاجی ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے ترجمان سلیم الیاس نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کراچی کے صدر شہباز عبدالجبار کی ہدایت پر ایک جانب مہنگائی کے خلاف دھرنے دینے اور ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، تو دوسری جانب کراچی میں فلاحی کام بھی شروع کر دیے ہیں تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے شہریوں کو کچھ ریلیف مل جائے۔ سستے تندور لگانے، سستے سبزیوں کے اسٹال لگانے، یتیم بچیوں کی شادیاں کرانے، مفت طبی کیمپ لگانے کا پروگرام جاری ہے۔ پارٹی کی جانب سے لگائے جانے والے بینرز پر مختلف مطالبات درج ہیں جن میں ’’غریب نہیں غربت ختم کرو‘‘ اور ’’ بھاشن نہیں روٹی دو‘‘ سمیت دیگر نعرے درج ہیں۔
سلیم الیاس کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب اور دیگر جگہوں پر مہنگائی کے خلاف اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم کرنے اور مزید نہ برھانے کے حوالے سے احتجاج کررہے ہیں۔ ان کی ذیلی تنظیموں مسلم ویمن ونگ اور اسٹوڈنٹس ونگ کی جانب سے بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک حکمران مہنگائی کم کرنے کے اقدامات کا اعلان نہیں کرتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کے لیے اب گیس، بجلی، پیٹرولیم کی مصنوعات مزید مہنگی کرنے کا کہا جارہا ہے۔ اب شہری فاقوں پر آرہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی ہیں جلد شہر میں بڑا احتجاج کریں گے۔