اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات نہیں ہوئے اور اب مذاکرات 2 مارچ کو دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے جو بجلی بلوں کی رکی ہوئی وصولیاں شروع کرنے کے بعد ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قرضہ پروگرام کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کی کئی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا جس کے تحت حکومت کو سیلز ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن اور مانیٹری پالیسی میں اضافے کا بھی اعلان کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 کے بجائے 2 مارچ کو ہونے کا امکان ہے جس میں مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود میں اضافے کا جائزہ لے گی اور کمیٹی کے فیصلے سے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 9 فروری کو ہونا تھا جو اب مارچ میں ہونے کا امکان ہے۔