کراچی والوں کے لیے بجلی مزید مہنگی

کراچی(امت نیوز) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں پر ایک اور بم گرا دیا گیا، کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرلی۔ درخواستیں فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تھیں۔

کے الیکٹرک صارفین کے لیے فیول پرائس کی مد میں بجلی مہنگی کردی گئی، فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 1 روپے 71 پیسے کا اضافہ منظور کرلیا گیا۔ کے الیکٹرک نے 2 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست تھی۔

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 36 پیسے کمی کی درخواست کی گئی تھی جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا، ایف سی اے اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔