طورخم(اُمت نیوز) پہاڑی تودہ گرنے سے ملبے تلے سے دبے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، تعداد 7 ہو گئی
ڈپٹی کمشنر خیبر نے بھی ملبے تلے دبے مزید دو افراد کی لاشیں نکالے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق تمام 7 افراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران چار روز میں 25 کنٹینرز بھی ملبے سے نکالے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ چار روز قبل طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گر گیا تھا، پہاڑی تودہ گرنے سے کئی کنٹینرز اور کارگو گاڑیاں دب گئی تھیں۔
ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طورخم میں ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑ سے بڑے پتھر گرنا شروع ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جاری ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے، پہاڑ کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا۔