راولپنڈی (اُمت نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کیلئے پرعزم ہیں، چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کیلئے پرعزم ہے، آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کی حمایت پر چین کے کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک میں طویل مدتی اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، چینی وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبوں پر پیش رفت پر اظہار اطمینان اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبوں میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے مسلح افواج کے کردار کی بھی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور سرحد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کی
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لیے میکنزم بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانا ضروری ہے۔
قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے افغان عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا۔
امیر خان متقی نے کہا کہ علاقائی استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور افغانستان میں امن اور ترقی میں پاکستان کی سہولت کاری کو تسلیم کیا۔
پاک فوج کے سربراہ اور قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مستحکم، پُر امن اور خوش حال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا