نیب نے عمران خان کو 23 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا

اسلام آباد(اُمت نیوز) نیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 23 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق قومی احتساب بیورو نے نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 23 مئی کو دوبارہ طلب کیا ہے۔۔
نیب ذرائع کے مطابق عمران خان کو 23 مئی کو دن 10بجے نیب میں طلب کیا گیا۔ انہیں 18مئی کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔
نیب کی ٹیم عمران خان کو نوٹس وصول کروانے پہنچی تاہم نیب کی 2 رکنی ٹیم عمران خان کے وکیل کی غیرموجودگی کے باعث نوٹس وصول کروائے بغیر واپس روانہ ہوگئی۔
زمان پاک کی سکیورٹی ٹیم نے نیب ٹیم کو جواب دیا کہ نیب کی ٹیم عمران خان کے وکیل سے رابطہ کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات و مقامات پر حملے ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔