آئین و قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کی بےتوقیری ہو رہی ہے،شیخ رشید

راولپنڈی(اُمت نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جج حضرات کہہ رہے ہیں ہمارے فیصلوں کی تذلیل ہو رہی ہے، جب ججز آبدیدہ ہوں گےتو لوگ اپنا رونا کہاں روئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ آئین و قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کی بےتوقیری ہو رہی ہے،ایسا طرز عمل غیر آئینی حکومت میں بھی نہیں دیکھا گیا۔خیالی بجٹ اور عدالتی فیصلوں سے فرار مزید تباہی پھیلائے گا۔ پڑھے لکھے لوگوں کو بے گناہ گرفتار کیا جا رہا ہے،صرف کورٹ کے اندر سے ہی گرفتار نہیں کیا جا رہا بلکہ ضمانت ہونے پر دوسرے کیس یا دوسرے صوبے کی پولیس گرفتار کر لیتی ہے، جج حضرات کہہ رہے ہیں کہ ہمارے فیصلوں کی تذلیل ہو رہی ہے، آئین کے ساتھ جس طرح مذاق ہو رہا ہے ایسا طرز عمل غیر آئینی حکومت میں بھی نہیں دیکھا گیا۔