ن لیگ کوعمران خان کی امریکی رکن کانگریس سے گفتگو پرتشویش

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نےزوم میٹنگ میں عمران خان کی امریکی رکن کانگریس سے کی جانے والی باتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا، شہدا کی یادگاروں کو جلایا، حملے کے وقت عمران خان کی بہنیں جناح ہاؤس کے باہر موجود تھیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی امریکی کانگریس خاتون سے گفتگو سامنے آچکی ہے، عمران خان نے جس طرح امریکا سے مدد مانگی ہے انہیں شرم آنی چاہیے، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جمہوری رویے رکھنے والے افراد کو گرفتار نہیں کیا جا رہا، 9 مئی کے حملوں میں ملوث افراد کو شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا جا رہا ہے، جن پارٹی ارکان کا واقعات سے تعلق نہیں ان کو گرفتار نہیں کیا گیا، عدلیہ کے اندر تقسیم بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس ملک پر سائفر کا الزام لگایا آج اسی سے مدد مانگ رہے ہیں، عمران خان نے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچایا، عمران خان نے عوام کو قومی اداروں کے خلاف اکسایا، بدتہذیبی اور نفرت کو فروغ دیا اور ملک کی معیشت اور سیاست کو تباہ کیا۔