لاہور: چوہدری وجاہت حسین کے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا اور مسلم لیگ (ق)میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلی ،میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق رہاہے اور نہ ہی واسطہ ہے ۔
چوہدری وجاہت حسین کا پریس کانفرنس میں کہناتھا کہ چوہدری شجاعت حسین کا بڑا دل ہے ، پوراپاکستان9مئی کے واقعات کی مذمت کر رہاہے اور میں بھی اس کی شدید مذمت کرتاہوں ،میری راہیں مسلم لیگ سے کبھی جدا نہیں ہوئیں ۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین میرے بڑے بھائی ہیں اور میرے والد کی جگہ پر ہیں، جہاں تک حسین الٰہی کی بات ہے ، یہ نہیں ہو سکتا کہ میں کوئی بات کروں اور وہ کوئی اور کرے ۔میرا مونس الٰہی سے لمبے عرصے سے کوئی رابطہ نہیں ہواہے ، پرویز الٰہی سے رابطہ ہے ان کو مشورہ دوں گا کہ گھر واپس آئیں ، سارے اکٹھے ہو کر چلیں ۔ کئی مثالیں ہیں کہ ایک ہی فیملی کا ایک فر د کہیں پر ہے اور دوسرا کہیں اور ہے ، لیکن وہ خوش اخلاقی سے ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق 9 مئی کے واقعہ کے بعد تحریک انصاف سے پارٹی رہنماﺅں کی اڑان جاری ہے،اب تک کئی رہنما پارٹی سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ق لیگ میں اختلافات پر چوہدری پرویز الٰہی ، وجاہت حسین نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی ۔