لندن / کھٹمنڈو(سپورٹس ڈیسک)دونوں ٹانگوں سے معذور سابق فوجی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کوہ پیمائی کی تاریخ میں اپنا نام روشن کرلیا۔43 سالہ ہری بدھا ماگر نامی شخص برطانوی فوج کے سابق سپاہی ہیں، انہوں نے اپنی دونوں ٹانگیں افغانستان میں گنوا دی تھیں۔دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے کے بعد بھی ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے، وہ کہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی کام ناممکن نہیں۔ہری بدھا ماگر کہتے ہیں کہ ان کا مقصد معذوری سے متعلق لوگوں کی رائے تبدیل کرنا ہے، وہ دوسروں کو بھی پہاڑوں میں چڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہری بدھا ماگر نے 19 مئی کی دوپہر 3 بجے ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا۔ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے میں انہیں عام انسان کے مقابلے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا، وہ کہتے ہیں کہ یہ کارنامہ سرانجام دینے میں کافی مشکل ہوئی، بہت زیادہ وقت بھی لگا لیکن نہ رکنے کا ارادہ کیا تھا اور چوٹی کی جانب بڑھنے لگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرسکتا ہوں تو کوئی بھی انسان (چاہے وہ معذور بھی ہو) اپنا خواب پورا کرسکتاہے۔ہری بدھا ڈیڑھ ہفتے قبل نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ساتھ روانہ ہوئے تھے، ٹیم کی قیادت کرش تھاپا نے کی جو سابق گورکھا رجمنٹ اور ایس اے ایس ماؤنٹین ٹروپ کے لیڈر رہ چکے ہیں۔ہری نے بتایا کہ جب چڑھائی کے دوران کوئی مشکل ہوتی تو وہ اپنے خاندان اور ٹیم کے ہر شخص کی مدد کے بارے میں سوچتے جنہوں نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔