القادر ٹرسٹ کیس:احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد (امت نیوز) احتساب عدالت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔ عمران خان کی اہلیہ کو لاہور ہائی کورٹ نے 23 مئی تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست وکیل خواجہ حارث کی جانب سے دائر کی گئی۔

بشریٰ بی بی عمران خان کے ہمراہ احتساب عدالت راولپنڈی پہنچیں جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست ضمانت کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی کمرہ عدالت میں حاضری لگائی گئی۔

وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو مچلکے جمع کرانے کے لئے دستخط کرنے کی ہدایت کی۔