راولپنڈی ( اُمت نیوز ) ملک بھر میں آج یوم تکریم شہداء پاکستان منایا جائے گا ، شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہداء پر سلامی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہداء پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہداء پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔
آج جی ایچ کیو، ائیر ، نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی جبکہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
یوم تکریم شہداء کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے،آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران اور سول سوسائٹی کےنمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔