لندن (امت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے مذاکرات کرنے کی مخالفت کردی۔ نواز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے، شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔
بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے۔
شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) May 27, 2023
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا ٹوئٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لئے سات رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم میں شامل تمام 7 لوگوں کے نام سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ عمران خان کی بنائی گئی مذاکراتی ٹیم انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ لائحہ عمل طے کرے گی۔
یاد رہے کہ نواز شریف سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے عمران خان کی فوری مذاکرات کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست پر حملہ کرنے والوں سے مذاکرات نہیں کئے جاتے۔