حیدرآباد(امت نیوز) انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع ملنے پر حیدرآباد میں مکی شاہ روڈ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد تاج ملوک عرف خالد عرف حافظ پٹھان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر راڈ اور ہینڈ گرنیڈ پن برآمد کرلی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد 2012ء میں ڈوگر، کرزئی میں ایف سی اور 2013ء میں آرمی چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث رہا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ مذہبی جنونیت رکھنے والا شخص ہے جب کہ اس کی ذمہ داری لوگوں کی ذہن سازی کرکے مذہبی جنونیت کو فروغ دینا اور دہشت گردی کے لئے تیار کرنا تھا۔
حکام سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ہر طرح کا اسلحہ چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس نے شہر میں د ہشت گردی کی افراتفری پھیلانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔