خدیجہ شاہ کا اپنے کئے پر پچھتاوے کا اظہار، معافی مانگ لی

لاہور(امت نیوز) جناح ہاؤس پر حملے اور 9 مئی کے واقعات پر گرفتار فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے اپنے کئے پر پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔ ایک ویڈیو پیغام میں خدیجہ شاہ نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی طرح میں بھی گزشتہ کچھ دنوں میں ہونے والے خصوصاً مسلح افواج کی تنصیبات اور یادگارِ شہداء کے واقعات پر افسردہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود ایک فوجی فیملی سے تعلق رکھتی ہوں اور مختلف کنٹونمنٹس میں پلی بڑھی ہوں۔ خدیجہ شاہ نے کہا کہ میں اپنے ٹوئٹس پر بھی شرمندہ ہوں جو میں نے اپنی اعلیٰ فوجی قیادت کے خلاف کئے، یہ ٹویٹس میں نے جذبات میں آکر کئے تھے جو ایک گھنٹے کے اندر ڈیلیٹ بھی کردئیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے تبصروں پر پچھتاوا ہے اور میں نے ان پر معافی بھی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پوری قوم جلد سے جلد متحد ہوجائے۔ آخر میں انہوں نے ”پاکستان زندہ باد اور“ پاکستان آرمی پائندہ باد“ کا نعرہ بھی لگایا۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ دو روز سے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا تھیں، جیل حکام نےخدیجہ شاہ کی ملاقات اور گھر سے کھانا دینے پر پابندی لگا رکھی تھی۔ فیشن ڈیزائنر کو 30 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہونا تھا، لیکن اب ان کا ویڈیو پیغام جاری ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ جلد ملک چھوڑنے والی ہیں۔