لاہور: نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ عمران خان خود پرویز الہیٰ کو ماضی میں پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو قرار دے چکے ہیں۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ اپنی گرفتاری کا مدعا نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی پر ڈالنے سے گریز کریں، وہ اینٹی کرپشن کے ہاتھوں کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار ہوئے ہیں، موصوف جھوٹے الزام لگا کر سیاسی شہید نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے، پرویز الہیٰ کو کرپشن کرنے پر محسن نقوی نے مجبور نہیں کیا تھا۔ گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دینا سنگین مذاق ہے۔ قانون پرویز الہیٰ سمیت ہر بدعنوان کے خلاف حرکت میں آئے گا۔