لاہور (اُمت نیوز) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی بڑی تعداد ان کے ساتھ ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان حال ہی میں ہونے والی یہ دوسری ملاقات ہے۔
ملاقات میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ چودھری شجاعت کی سیاسی رواداری کا قائل ہوں، تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی بڑی تعداد میرے ساتھ ہے، کل میں سراج الحق صاحب سے ملا، جلد ہم قومی قیادت اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی میں ہمارے ساتھی تھے، دیکھتے ہیں وہ کیا لائحہ عمل سامنے لاتے ہیں، میرے ساتھ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے ایم این ایز، صوبائی وزراء اور سینیٹرز رابطے میں ہیں۔سردار تنویر الیاس کا مزید کہنا تھا کہ ہم جو بھی فیصلہ کریں گے سب اکھٹے کریں گے، ہمارا مقصد پاکستان کو اس بحران سے نکالنا ہے۔