کراچی(اُمت نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سیکرٹری تعلیم اکبر لغاری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہم نے اپنی کوششیں کیں، اب اساتذہ کی حاضری77فیصد ہوگئی ہے، اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں، تو کچھ ایپ کا بہانہ بنارہے ہیں۔
سیکرٹری تعلیم کےمؤقف پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں، سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، لوگوں سے گھنٹوں گھنٹوں بات کرلیتے ہیں تب سگنل آرہے ہوتے ہیں، اساتذہ ٹک ٹاک سے بھی مزے لے رہے ہیں، باقی آن لائن سسٹم پر حاضری کے لیے انٹرنیٹ نہیں ان کے پاس، یہ سارے بہانے ہیں، جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں بند کریں، تنخواہیں بند ہونگی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔