ناران ( اُمت نیوز) آٹھ ماہ کی طویل بندش کے بعد بابو سر ٹاپ کو سیاحوں کےلئے کھول دیا گیا تاہم شاہراہ کاغان ایک بار پھر ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق شاہراہ کاغان سے بھاری گلیشیئر اور تودے کاٹ کر سڑک کو ٹریفک کےلئے کھولا گیا، سیاح شاہراہ کاغان پر بابو سر ٹاپ کا سفر کرسکتے ہیں۔
این ایچ اے حکام کے مطابق درہ بابوسر پر برف ہٹاکر سیاحوں کی رسائی یقینی بنادی گئی ہے ۔
این ایچ اے حکام کے مطابق سیاح بابو سر ٹاپ احتیاط اور موسم کے مطابق کریں، بابو سر ٹاپ کے اوپر اور اردگرد کے پہاڑوں پر تقریبا چھ سے سات فٹ برف تاحال موجود ہے ، یہ برف پگھلنے میں مزید 2 ماہ درکار ہیں۔
دوسری جانب بابوسر ٹاپ حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی بڑی تعداد دیوانہ وار برفیلی راہداریوں سے بابوسر ٹاپ پہنچ چکی ہے۔
سطح سمندر سے 13700فٹ بلند درہ بابوسر برفباری کے باعث اکتوبر سے جون تک سیاحوں کی پہنچ سے دور رہتا ہے ، جون میں جیسے ہی رسائی ممکن ہوتی ہے گرمی کے ستائے سیاحوں کی بڑی تعداد یخ بستہ ہواؤں کا لطف اٹھانے پہنچ جاتی ہے۔