اسلام آباد(امت نیوز) مقامی عدالت نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت 19 جون تک منظور کرلی، سابق وزیراعظم کو اسلام آباد کی عدالتوں سے آج مجموعی طور پر 19 مقدمات میں ضمانت ملی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکیورٹی کے باعث جوڈیشل کمپلکس میں سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی متعلقہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور پراسیکوٹر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے تفتیش جوائن کرنے میں مشکلات پیدا کی گئیں، پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایک ہی دن میں 17 کیسز میں پیش ہوئے ہوں۔
فاضل جج نے کہا کہ شیر افضل مروت تو ایسے کیسز میں پیش ہوتے رہے ہیں، جس پر شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم آپ کی مسکراہٹ دیکھ رہے ہیں کہ کیا آپ نظام پر مسکرا رہے ہیں یا ایک ہی دن میں 17 کیسز میں پیش ہونے پر مسکرا رہے ، فاضل جج نے کہا کہ آپ لوگوں کی سیکیورٹی سہولیات کے لیے ہی عدالت شفٹ کی گئی ہے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر معاونت کرنے کی دفعہ لگی ہے، عمران خان اس دوران نیب کی حراست میں تھے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جائے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ معاونت کرے۔
عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی 19 جون تک ضمانت منظور کرلی۔