آرمی چیف!9مئی المناک، شرپسندوں کو کڑی سزا دیں،لواحقین شہدا

راولپنڈی (امت نیوز)شہداکے غمزدہ لواحقین نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر آپ 9مئی کے المناک سانحہ میں ملوث شرپسندوں کو کڑی سزا دیں۔ 9 مئی کوشہداکی یادگاروں کی بے حرمتی اور توڑ پھوڑکےدل سوز واقعات شدیدقابل مذمت ہیں۔حوالدار شعیب علی شہید کی غمزدہ اہلیہ نے کہا کہ 9 مئی کا جو سانحہ پیش آیا اسکا ہمیں بہت زیادہ دکھ ہے۔

ہم اپنے شہدا کی چھوٹی سی چیز کو بھی نیچے گرنے نہیں دیتے جبکہ شرپسندوں نے شہدا کی تصویروں اور پاک فوج کی تنصیبات کو اس قدر پامال کیا۔ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت اور چیف آف آرمی سٹاف سے یہ اپیل کرتی ہوں کہ ان شرپسندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ 9 مئی کے شرپسند ی پر مبنی واقعات نے شہدا کے بچوں کو شدید دکھ پہنچایا۔ شہید نائب صوبیدار محمد فاروق عباسی کی بیٹی نے کہا کہ میرے بابا نے سیاچن گلیشئرپر ملک کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، دکھ تو ہوتا ہے لیکن شہادت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی۔

سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتی ہوں جو بھی ہوا وہ بہت دل سوز تھا، آج اگر اس ملک میں ہم سکون سے بیٹھے ہیں تو یہ صرف ہمارے شہداکے خون، انکی قربانیوں کی وجہ سے ہے، شرپسندوں کو سزا ملنی چاہئے، یہ میرے بابا اور ملک کے دشمن ہیں۔ میں سیاسی لیڈرز کو پیغام دینا چاہونگی کہ آپکی جو بھی سیاست اور جو بھی تنازعات ہیں ان کو اپنے تک رکھیں۔ یہاں پر ہمارے لوگ شہید ہوئے ، یہ ہم سب کا ملک ہے،تو پلیز کوئی اپنے سیاسی مفاد کیلئے اس ملک کیساتھ ایسا نہ کرے۔
لواحقین شہدا