فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب الیکشن کیس، وفاقی حکومت کی لارجر بنچ بنانے کی استدعا مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست کی سماعت کیلیے وفاقی حکومت کی لارجر بنچ کی استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے سماعت کیلیے 3 رکنی بنچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے انتخابات نظرثانی کیس کی کاز لسٹ جاری کردی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ 13 جون کو سماعت کرے گا،جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے پرعمل درآمد نہ ہونے کے بعد نظرثانی درخواست دائرکی تھی، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے انتخابات میں تاریخ دینے پراعتراض اٹھایا تھا۔