لڑکی کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔ فائل فوٹو
لڑکی کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔ فائل فوٹو

لڑکی کی موت، ساس کو بھی شامل تفتیش کرلیاگیا

کراچی: پولیس نے کراچی جناح ہسپتال میں لائی گئی مردہ خاتون عائشہ کی ساس نصرت ثوبیہ کا بیان پولیس نے مسترد کر دیا اور انہیں شاملِ تفتیش کر لیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ خاتون کے دیے گئے بیان کو پولیس نے مسترد کر دیا ہے، عائشہ کی میت ساس کے مانگنے کے باوجود اسے نہیں دی گئی،میت اس کے والد کے حوالے ہی کی جائے گی، عائشہ کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے۔کوشش ہے کہ مرحومہ  کے والدکی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے، والد نےمقدمہ درج نہ کرایا تو سرکار کی مدعیت میں درج کیا جائےگا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مفرور خاتون اور مرد کی تلاش جاری ہے، انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا، متوفیہ عائشہ کی ساس کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے، عائشہ کا شوہر منشیات کا عادی اورلاپتہ ہے، اس کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ لڑکی  کی ساس نے پولیس کو بتایا تھا کہ بہو رات سالگرہ کی دعوت کا بتا کر گئی تھی، اس کے بعد کیا ہوا معلوم نہیں۔خاتون نے بتایا کہ 2 سال قبل میرے بیٹے عادل کی عائشہ سے شادی ہوئی تھی، بیٹا نشے کا عادی اور ٹیکسی ڈرائیور ہے جبکہ لڑکی کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔

ان  کا کہنا تھا کہ بہو  میرے ساتھ رہتی تھی اور پارلر میں کام کرتی تھی، ایک ہفتے سے میں پنجاب میں اپنے آبائی علاقے میں تھی، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں اور نہ دشمنی ہے، ہم کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔