فائل فوٹو
فائل فوٹو

پرویزالہٰی کے ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھجوا دیا گیا

لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے ریمانڈ کی استدعامسترد کر دی گئی،انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔

لاہور کی ضلع کچہری کے مجسٹریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت سے پرویز الہٰی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پرویز الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں، پرویز الہٰی اس وقت اسپیکرپنجاب اسمبلی اور پبلک آفس ہولڈر تھے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ شواہد ہیں کہ محمد زمان نے پرویز الہٰی کے لیے منی لانڈرنگ کی، عدالت چوہدری پرویز الہٰی کا جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کے خلاف یہ ساتویں ایف آئی آر ہے، ایک میں ضمانت ملتی ہے تو دوسری میں گرفتار کر لیتے ہیں۔

 وکیل رانا انتظار نے کہا کہ جو ثبوت پیش کیے گٸے ایک بھی پرویز الہٰی کے خلاف نہیں، محمد زمان سے زبردستی بیان لیا گیا،بیان میں کچھ نہیں۔