جہانگیر ترین کے سیاسی را بطے تیز ، 30 سیاستدانوں کی جلد شمولیت

لاہور (امت نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئی، جہانگیر خان ترین کی وطن واپسی کے بعد ملک بھر میں سیاسی رابطے تیز کر دیئے۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں 30 سابق ارکان اسمبلی اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرینگے ۔

سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کے بڑے گروپ کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی۔جہانگیر ترین، علیم خان آئندہ چند روز میں لاہور، اسلام آباد، کراچی میں اہم ملاقاتیں کرینگے۔ خیبرپختونخوا کی بڑی سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی دوبارہ رابطہ کیا ہے۔رواں ہفتے استحکام پاکستان پارٹی سیاسی منظر نامے پر بڑے بریک تھرو کیلئے تیار ہے، رواں ہفتے پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے عمل کو بھی مکمل کر لیا جائیگا۔

پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کیلئے تمام قانونی ضابطے اور دستاویز ات مکمل کر لی گئیں، جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی جائے گی۔استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے پارٹی ممبرسازی مہم کو بھی بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ممبر سازی کیلئے بڑے کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا، مرکزی قیادت ممبرسازی مہم کی خود نگرانی کرے گی۔