ایک شخص 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جواب نہیں دے رہا، فائل فوٹو
ایک شخص 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جواب نہیں دے رہا، فائل فوٹو

پچھلے دور میں وزیر اطلاعات صحافیوں کو تھپڑ مار دیتے تھے، مریم اورنگزیب

پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کے  دور میں وزیر اطلاعات صحافیوں کے منہ پر تھپڑ مار دیتے تھے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافی اعظم چوہدری میرے لیے قابل احترام ہیں لیکن ان کے پاس پی ٹی وی کا کوئی کنٹریکٹ نہیں، وہ پی ٹی وی کے ملازم نہیں تھے، میں نے اعظم چوہدری کو سوال کرنے کا موقع دیا تھا اور اگر ہمیں اعتراض ہوتا تو سوال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ صرف پاکستان کے دشمنوں کو ہوا، پی ٹی وی پرحملہ کرنے والوں نے ریڈیو پاکستان کو جلایا، نااہل شخص کو نکالا تو سائفر لہرا کر کہا گیا امپورٹڈ حکومت آگئی اور آج وہی شخص سائفر کی تحقیقات روکنےکا کہہ رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک شخص 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جواب نہیں دے رہا جب کہ وہی شخص توشہ خانہ کیس روکنے کی کوشش کر رہا ہے، البتہ نواز شریف نے روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں کو جواب دیئے، ہم نے عدالتوں سے بھاگنے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی میں ملوث افراد پاکستان اور شہداء کے دشمن ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے فاٹا میں یونیورسٹی کیوں نہیں بنائی، لیپ ٹاپ کیوں نہیں بانٹے۔

آئی ایم ایف معاہدے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرلیا تھا مگر نالائق حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام دوبارہ کھولا، البتہ ہم اپنی معیشت کا انحصار آئی ایم ایف پر نہیں رکھیں گے۔