راولپنڈی (اُمت نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 13 پارٹیوں کا بھان متی کا کنبہ عنقریب ایک دوسرے کا پوسٹمارٹم کرنے والا ہے، ان کی ہانڈی چوک اور چوراہے میں پھٹنے والی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 تاریخ سےالٹی گنتی شروع ہو جائے گی اور 12 اگست تک کٹی کٹا نکل آئے گا، الیکشن 60 یا 90 دنوں میں ہوتے ہیں اس کا فیصلہ 10 اگست تک ہو جائے گا، جو پنجاب کے الیکشن کے ساتھ ہوا وہ قومی اسمبلی کے الیکشن کے ساتھ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا ہر کوئی اپنی تاریخ دے رہا ہے لیکن سپریم کورٹ بھی انگشت بدنداں فیصلے دے گی اور الیکشن ہوکر رہیں گے، الیکشن کمیشن الیکشن کی تیاری میں مشغول ہے، نواز شریف کی نااہلی آئینی ترمیم ہی ختم کر سکتی ہے، نواز شریف نے اپنا احتساب قومی اسمبلی سے شروع کیا خود خطاب کیا، سپریم کورٹ نے کہا جے آئی ٹی بنادیں انہوں نے کہا بنادیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ نے نواز شریف کو دفاع کا پورا موقع دیا، 5 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا مگر قطری خط 1122 کا کردار ادا نہیں کر سکا اور تاحیات نااہل قرار پائے، نوازشریف سعودی عرب تحریری معافی نامہ مانگ کر گئے، لندن میں 50 روپے کے اسٹام پیپر پر بیماری کا بہانہ بنا کر گئے۔