فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل ، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل اور پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس سماعت کیلیے مقررکر دیے گئے۔

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلیے مقررکر دی گئیں،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 6رکنی لارجر بنچ 18جولائی کو سماعت کرے گا۔

لارجر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس مظاہر علی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کیس بھی سماعت کیلئے مقررکر دیا،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 8رکنی لارجر بنچ 21جولائی کو سماعت کرے گا،سپریم کورٹ نے مقدمے کے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کے مطابق لارجر بینچ 18 سے 20 جولائی تک کیلیے تشکیل دیا گیا، رجسٹرار آفس نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، سینیئر وکیل اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائرکر رکھی ہیں۔

درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔

حکومت نے9 مئی کے واقعات کے بعد فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات ملٹری کورٹ میں چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور متعدد افراد کے مقدمات فوجی عدالت میں بھجوائے جا چکے ہیں۔