اسلام آباد : مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل جاری رہا تو پاکستان2035 میں ایک ٹریلین کی معاشی طاقت ہوگا۔انوویشن حب کی تقریب سے خطاب میں (ن) لیگی رہنماء احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت نوجوان ہیں، حکومت سنبھالی تو ورثے میں مسائل ملے،اﷲ تعالی کے فضل سے ہم مسائل سے نکل آئے ہیں، ایک سیاسی جماعت پاکستان کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، ایک جماعت سیاسی فائدے کیلئے پاکستان کے مفادات سے کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست ملک کے اندر ہے،ملک سے باہر ہم سب پاکستانی ہیں، ہم پاکستان کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں،اگر مسلمانوں نے اپنے احترام کو واپس لانا ہے تو ہمیں فکر اور معیشت کی طاقت کو حاصل کرنا ہے، دنیا میں مقام پیدا کرنے کیلئے اقتصادی طور پر مضبوط ہونا ہوگا۔احسن اقبال نے کہاکہ امید ہے آئندہ آنے والی حکومتیں بھی ملک کی بہتری کیلئے مثبت پالیسیوں کو جاری رکھیں گی، ہمیں اپنی توانائیوں کو نئی ایجادات اور مسائل کے حل کی طرف موڑنا ہے۔
دریں اثناء احسن اقبال کی زیر صدارت سپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں قائم ایس آئی ایف سی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزراءاور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ایگزیکٹو کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت کئے جانے والے مختلف اقدامات اور ان پر عمل درآمد کی پیشرفت کا جامع جائزہ لیا۔