اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ہوگی یا نااہلی؟ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ سزا الیکشن سے پہلے ہوگی یا بعد میں؟ مجھے اس بارے میں معلوم نہیں ہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مردم شماری کو دوبارہ کرانے کے لیے سب کو متفق ہونا ہو گا۔انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد کی پاکستان آمد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہو گا ، ابھی تک حتمی تاریخ نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو گرفتار کرکے اسے اہمیت نہیں دینا چاہتے۔ 9 مئی کے واقعات میں جو پی ٹی آئی والے ملوث نہیں، ان کے خلاف نہیں ہونی چاہیے۔ پی ڈی ایم تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی ، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200 سیٹیں پکی ہیں ۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے۔ افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں ہے، یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے۔
ایک سوال ک جواب میں انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ، وہی الزامات سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز پر بھی ہیں، اس کا فیصلہ جوڈیشری نے کرنا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہو گا۔ موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہو گی۔
لاپتہ صحافی عمران ریاض خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ کہاں پر ہیں، اللہ ہی بہتر جانتا ہے ، ان کی فیملی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا ، رابطہ کریں گے تو مدد کے لیے تیار ہیں۔